ایف آئی اے کا حوالہ ہنڈی کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن، 3 ملزمان گرفتار، بھاری رقم،سونا برآمد
05-01-2026
(لاہور نیوز) فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائیاں لاہور کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جن میں کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے حصہ لیا۔ گرفتار ملزمان میں عمران علی، اسداللہ اور بلال احمد شامل ہیں، جو مبینہ طور پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث تھے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم عمران علی کے قبضے سے 2 کروڑ 20 لاکھ ایرانی ریال، 4 لاکھ 75 ہزار پاکستانی روپے، لاکھوں مالیت کے پرائز بانڈز، 3 کلو 1 تولہ چاندی اور 10 تولہ سونا برآمد کیا گیا۔ جبکہ دیگر دو ملزمان اسداللہ اور بلال احمد سے 2 لاکھ 17 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔