پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، عوام سراپا احتجاج

05-01-2026

(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی مہینے میں کئی بار پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے، جبکہ آمدن میں کوئی اضافہ نہیں ہوتا، تنخواہیں وہی رہتی ہیں لیکن پٹرول کی قیمت روز بروز بڑھ رہی ہے، جس سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ عوام  نے شکایت کی کہ اب گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا بھی مشکل ہو گیا ہے، کیونکہ ایندھن کے اخراجات برداشت سے باہر ہوتے جا رہے ہیں، پٹرول کی قیمت میں اضافہ صرف سفری اخراجات تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات روزمرہ استعمال کی ہر چیز پر پڑتے ہیں۔ شہریوں کے مطابق پٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہو جاتا ہے، جبکہ سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل بھی مہنگی ہو جاتی ہے، جس کے باعث مہنگائی کی نئی لہر آ جاتی ہے۔ عوام  نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کئے جائیں، تاکہ مہنگائی کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔