انسپکٹر پنجاب پولیس کے گھر پر حملہ، اہلخانہ پر تشدد کی ویڈیوز سامنے آ گئیں

05-01-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں ایک پولیس افسر کے گھر پر مسلح افراد کے حملے اور فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی مبینہ ویڈیوز بھی منظرِ عام پر آ گئی ہیں۔

انسپکٹر پنجاب پولیس محمد یعقوب کے مطابق 20 سے زائد اسلحہ بردار ملزمان نے ان کے گھر پر دھاوا بولا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ملزمان کو اسلحہ لہراتے اور گھر میں داخل ہو کر تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ملزمان  نے انہیں، ان کے بیٹے حمزہ اور اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا، ایک ملزم  نے پسٹل کے بٹ سے ان کے سر پر وار کیا، جس سے وہ زخمی ہو گئے اور ان کے سر سے خون بہنے لگا، جبکہ دیگر ملزمان نے ان کے بیٹے پر بھی تشدد کیا۔ انسپکٹر محمد یعقوب کے مطابق ملزمان  نے گھر کے باہر فائرنگ بھی کی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت قصور پولیس میں تعینات ہیں، وقوعہ کی درخواست تھانہ کوٹ عبدالملک دے دی گئی لیکن تاحال پولیس  نے مقدمہ درج نہیں کیا، آئی جی پنجاب عبدالکریم واقعہ کا نوٹس لیکر انصاف فراہم کریں۔