مریم نواز کا کچہ ایریا کیلئے 23 ارب کے ترقیاتی پیکج کا اعلان
04-30-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کچہ ایریا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے 23 ارب روپے کے بڑے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کچہ کے علاقوں کو بھی صوبے کے دیگر حصوں کی طرح ترقی دی جائے گی۔
انہوں نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام شروع کرنے اور 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی لوگوں کو دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پہلی بار کچہ کے علاقے میں گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا، اور اب اس علاقے کو محفوظ اور مثالی بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کے تحت سکول، ہسپتال، سڑکیں اور پل تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ ٹرانسپورٹ سہولت اور کلینک آن ویلز بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ان کی ہدایت پر موبائل ویٹرنری ہسپتال اور لیبارٹریز بھی مہیا کی جائیں گی۔ سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کچہ میں جدید سولر انرجی سے چلنے والے ڈرون سرویلنس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ اے پی سیز اور پولیس وینز میں کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ تھانوں اور چیک پوسٹوں کو بھی سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ تعلیم کے شعبے میں 6 ہزار 551 طالبات کو سکول میل ملک پیک فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 300 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپس اور 300 کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ کچہ میں 65 سکولوں کی تعمیر، بحالی اور اپ گریڈیشن کے ساتھ 16 نئے سکول اور دو گرلز کالجز بھی قائم کیے جائیں گے۔ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 108 کلومیٹر سولنگ اور 144 کلومیٹر طویل 27 سڑکوں کی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مثالی گاؤں پراجیکٹ، سیوریج، ڈرینج اور سپورٹس منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے، جبکہ 125 ملین روپے کی لاگت سے سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کچہ میں نادرا رجسٹریشن کے آغاز، شناختی کارڈ اور ب فارم کے اجرا، اور سکیورٹی اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری بھی دی۔ ناجائز اسلحہ کی واپسی کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ہوگی اور اسلحہ واپس کرنے والوں کو اس کی نوعیت کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔ مرکزی سڑکوں کے کناروں پر لمبے پودوں والی فصلیں لگانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کچہ کے ہر فرد کا حق ہے اور حکومت اس علاقے کو محفوظ، خوشحال اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے والا خطہ بنائے گی۔