اپریل میں ایف بی آر کو ٹیکس وصولی میں 150 ارب روپے سے زائد کمی
04-30-2026
(ویب ڈیسک) اپریل میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ٹیکس وصولی میں 150 ارب روپے سے زائد کمی کا سامنا ہے۔
رواں ماہ ایک ہزار 29 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے اب تک صرف 815 ارب روپے جمع کئے جا سکے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ آخری روز وصولیوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ حکام کے مطابق خسارہ کم کرنے کیلئے سپر ٹیکس اور پیشگی ٹیکس کی وصولی پر توجہ دی جا رہی ہے، اپریل کے دوران تقریباً 500 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز بھی جاری کئے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں 611 ارب روپے کا شارٹ فال ہو چکا ہے، جولائی تا اپریل یہ خسارہ 710 ارب روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کی مشاورت سے رواں سال کا مجموعی ٹیکس ہدف 14 ہزار 131 ارب روپے سے کم کر کے 13 ہزار 979 ارب روپے کر دیا گیا، آئندہ مالی سال کیلئے ٹیکس ہدف 15 ہزار ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔