پیف کے لائسنس یافتہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا انکشاف
04-30-2026
(لاہور نیوز) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ماتحت لائسنس یافتہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا انکشاف ہوا ہے، جس کی بنیادی وجہ طلبہ کی بڑھتی ہوئی انرولمنٹ بتائی جا رہی ہے۔
پیف حکام کے مطابق لائسنس یافتہ سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 30 طلباء پر کم از کم ایک استاد تعینات کیا جائے تاکہ تدریسی معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اساتذہ کی کم سے کم تعلیمی قابلیت گریجویشن ہونی چاہیے۔ ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میٹرک یا انٹرمیڈیٹ تعلیم یافتہ اساتذہ کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ پیف حکام نے خبردار کیا ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ مزید کہا گیا ہے کہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سکول کا لائسنس بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے۔