پنجاب میں خواتین کی خودمختاری کیلئے 7 نئے منصوبے شروع، تربیت، فنڈنگ اور ہیلپ لائن سہولتیں فراہم
04-30-2026
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے سال 2025 کے دوران خواتین کی ترقی اور خودمختاری کے لیے 7 نئے منصوبے شروع کر دیے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے مختلف تربیتی پروگرامز اور کورسز کا آغاز کیا گیا ہے۔ سحر پروگرام کے تحت خواتین کو ڈیجیٹل اسکلز، خانہ داری اور بیوٹیشن کی تربیت دی جا رہی ہے۔ حکومت نے خواتین کیلئے بزنس انکیوبیشن سینٹرز بھی قائم کیے ہیں جہاں انہیں کاروبار شروع کرنے کیلئے رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کاروباری خواتین اور نوجوانوں کیلئے فنڈنگ اور مینٹورشپ پروگرامز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ دیہی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے SheThreads منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت ٹیکسٹائل سیکٹر میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کی صحت کیلئے محکمہ صحت کے تحت مختلف منصوبے جاری ہیں اور مزید نئے پروگرامز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ زنا بالجبر اور ہراسگی کا شکار خواتین کو امدادی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب وومن ہیلپ لائن 1043 چوبیس گھنٹے فعال ہے جہاں خواتین کسی بھی وقت مدد حاصل کر سکتی ہیں، جبکہ شکایات کے فوری ازالے کیلئے پولیس اور متعلقہ اداروں سے رابطہ بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ حکومت نے متاثرہ خواتین کی ذہنی و جسمانی بحالی کیلئے مستقبل میں مزید مؤثر پالیسیز متعارف کرانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔