دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت

04-30-2026

(لاہور نیوز) ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سخت اقدامات کا اعلان کر دیا۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے، بغیر ترپال ریت بردار گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ اسی طرح حد سے زیادہ سامان لوڈ کرنے والی لوڈر گاڑیوں اور لوڈر رکشوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی ہے، کیونکہ ایسی گاڑیاں نہ صرف ٹریفک میں رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ دیگر شہریوں کی جان کیلئے بھی خطرہ ثابت ہوتی ہیں۔ سی ٹی او  نے سرکل افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ رات کے وقت چلنے والی ہیوی گاڑیوں کے پیچھے رفلیکٹنگ ٹیپ لازمی موجود ہو، تاکہ حادثات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ مزید برآں، تمام گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹ کی لازمی جانچ پڑتال کی جائے گی اور بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کے کسی بھی گاڑی کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔