میڈیکل طلبہ اور اساتذہ کی ذہنی صحت پر بڑا فیصلہ، سکریننگ لازمی قرار

04-30-2026

(ویب ڈیسک) ملک بھر میں میڈیکل طلبہ میں ذہنی دباؤ اور خودکشی کے بڑھتے رجحان پر تشویش کے بعد ریگولیٹری ادارے نے اہم قدم اٹھا لیا ہے جس کےتحت تعلیمی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ طلبہ اور اساتذہ کی ذہنی صحت کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے تمام میڈیکل کالجز کیلئے مینٹل ہیلتھ سکریننگ کو لازمی قرار دیتے ہوئے باقاعدہ رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔ ہدایات کے مطابق داخلے کے وقت اور ہر سال طلبہ کی ذہنی صحت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ مسائل کی بروقت نشاندہی ممکن ہو سکے۔ پی ایم ڈی سی کے صدر کے مطابق اداروں کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ نفسیاتی سکریننگ، تشخیص اور علاج کا مؤثر نظام قائم کریں، جبکہ کالجز میں شعبہ نفسیات اور کونسلنگ سنٹر کا قیام بھی لازمی ہوگا۔ مزید کہا گیا ہے کہ ذہنی دباؤ کا شکار طلبہ اور اساتذہ کو ماہرینِ نفسیات کے پاس ریفر کیا جائے گا تاکہ انہیں بروقت مدد فراہم کی جا سکے، جس سے نا صرف تعلیمی کارکردگی بلکہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی بہتری آئے گی۔ پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ادارے خفیہ اور معیاری نفسیاتی سہولیات فراہم کرنے کیلئے مکمل سٹاف اور وسائل یقینی بنائیں، اور ان ہدایات پر فوری عملدرآمد کیا جائے، کیونکہ کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔