پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا بل کثرت رائے سے منظور

04-30-2026

(ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی نے صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے پنجاب فلم سٹی اتھارٹی تشکیل دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ 2026 پیش کیا گیا جس کو ایوان کے ممبران  نے کثرت رائے سے منظور کیا۔ پنجاب فلم سٹی اتھارٹی سے فلم سازی، ڈرامہ، ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کی جائے گی جبکہ اتھارٹی کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی جبکہ فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کیلئے بھی فنڈ دیا جائے گا۔ ایکٹ کے مطابق نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا جامع نظام متعارف ہو گا جبکہ فلم سازوں کو سہولیات، اجازت ناموں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت ملے گی، اس کے علاوہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ ایکٹ کے تحت فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ ہموار ہوگی جبکہ نئے ٹیلنٹ کی تربیت کیلئے ٹریننگ پروگرامز شروع کئے جائیں گے اور فلم انڈسٹری کیلئے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اتھارٹی پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم کے ذریعے اجاگر کرے گی جبکہ فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کا اختیار بھی حاصل ہو گا۔