میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور وفد کی واسا ہیڈ آفس لاہور آمد، شہری خدمات میں بہتری پرتبادلہ خیال
04-29-2026
(لاہور نیوز) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ سطحی وفد کی میئر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں واسا لاہور کے ہیڈ آفس آمد، جہاں دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے پر زور دیا گیا۔
وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی، چیف آپریٹنگ آفیسر اسداللہ خان، چیف کمرشل آفیسر حارث سرفراز، چیف سٹریٹیجی آفیسر صادق یونس اور چیف فنانشل آفیسر عمار خان بھی شامل تھے۔ لاہور میں وفد کا استقبال صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، چیئرمین پنجاب واسا چوہدری شیر علی خان، وائس چیئرمین چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے کیا۔ دورے کا مقصد پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم، ریونیو کلیکشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت مختلف شعبوں میں تجربات کا تبادلہ اور شہری خدمات میں بہتری کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔ اس موقع پر وفد کو واسا لاہور کے فیلڈ آپریشنز، ڈرینج سسٹم، ڈسپوزل اسٹیشنز اور مون سون سیزن کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ مختلف منصوبوں کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔