ٹی بی ٹیسٹ کٹس کی قلت، تشخیصی نظام متاثر

04-29-2026

(ویب ڈیسک) ملک بھر میں ٹی بی ٹیسٹ کٹس کی شدید قلت کے باعث تشخیصی نظام بری طرح متاثر ہو گیا جس پر وزارتِ صحت نے ہنگامی اقدامات نافذ کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کٹس کی کمی کے پیش نظر جدید تشخیصی طریقہ کار، خصوصاً جین ایکسپرٹ ٹیسٹ کے استعمال کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب ہر مشتبہ مریض کا یہ ٹیسٹ دستیاب نہیں ہو گا اور ابتدائی مرحلے میں مریضوں کو روایتی طریقۂ تشخیص پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کٹس ختم ہونے کے خدشے کے باعث صرف انتہائی ضروری اور سنگین کیسز میں جدید ٹیسٹ کی اجازت دی جائے گی، ملک بھر  کے ہسپتالوں اور لیبارٹریوں کو محدود استعمال کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ بچوں اور حاملہ خواتین کیلئے جین ایکسپرٹ ٹیسٹ کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے۔ وزارتِ صحت نے کارٹریجز کے مؤثر استعمال کیلئے سخت نگرانی کا حکم دیا ہے اور صوبائی ٹی بی پروگرامز کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، ترجیحی بنیادوں پر تصدیق شدہ مریضوں اور HIV/AIDS کے ساتھ ٹی بی کے مریضوں کو جدید ٹیسٹ فراہم کیا جائے گا۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ کٹس کی قلت کے باعث ٹی بی کی بروقت تشخیص متاثر ہو سکتی ہے، جس سے بیماری کے پھیلاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔