رواں سال لاہور پولیس کے 1590 سرچ و کومبنگ آپریشنز، سینکڑوں مشتبہ افراد گرفتار
04-29-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی پولیس نے رواں سال کے دوران شہر بھر میں 1590 سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے ہیں، جن کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق ان آپریشنز کے دوران 81 ہزار سے زائد گھروں اور ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ کی گئی۔ کارروائیوں کے نتیجے میں 408 مشتبہ افراد اور 64 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 116 جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر 56 مقدمات درج کیے گئے۔ اسی طرح شراب نوشی کے 26 اور منشیات سے متعلق 29 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 133 مارکیٹوں، 3 ہزار سے زائد دکانوں اور 92 بس اڈوں کی بھی چیکنگ کی گئی۔ اس کے علاوہ 286 ہوٹلوں اور 385 ہاسٹلز کو بھی چیک کیا گیا۔ اس حوالے سے سی سی پی او لاہور نے قانون شکن عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو گشت بڑھانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیوٹی پر مامور افسران اور اہلکار مکمل الرٹ ہو کر فرائض انجام دیں۔