ٹول پلازوں پر مینوئل سسٹم ختم کر کے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ
04-29-2026
(لاہور نیوز) محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) نے صوبے بھر میں ٹول پلازوں پر مینوئل سسٹم ختم کر کے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں 41 ٹول پلازوں کی ڈیجیٹلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور اور ایف ڈبلیو او کے نمائندوں نے شرکت کی اور منصوبے کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جون تک صوبے کی اہم شاہراہوں پر قائم 41 ٹول پلازوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا جائے گا، اس اقدام کے تحت الیکٹرانک ٹول کولیکشن، خودکار گاڑیوں کی شناخت اور ای ٹیگ کے ذریعے ٹول ٹیکس وصولی ممکن بنائی جائے گی۔ صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے ٹول پلازوں پر اوور چارجنگ کا خاتمہ ہو گا اور ٹول کولیکشن کے نظام میں شفافیت آئے گی، اس جدید نظام سے نہ صرف آمدن میں اضافہ ہو گا بلکہ مسافروں کو بھی بہتر اور تیز سہولیات میسر آئیں گی۔ اجلاس میں ایف ڈبلیو او کی جانب سے ٹول پلازوں کے آپریشن اور مینجمنٹ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حاصل ہونے والے ٹول ٹیکس میں ممکنہ اضافے کا جائزہ بھی لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ہائی ویز تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب بڑھ رہا ہے اور یہ اقدام وزیر اعلیٰ پنجاب کے "ڈیجیٹل پنجاب" ویژن کے مطابق کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام کو جدید اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔