گرین ٹاؤن: غیرت کے نام پر خاتون کے قتل کا حنا پرویز بٹ نے نوٹس لے لیا

04-28-2026

(لاہور نیوز) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے گرین ٹاؤن کے علاقے میں غیرت کے نام پر 22 سالہ خاتون کو قتل کرنے کا نوٹس لے لیا۔

حنا پرویز بٹ نے  ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے واقعےکی فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، ملزم نے خاتون کے کردار پر شک کی بنیاد پر اس پر چھری کے وار کیے جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم رضوان کو قائداعظم انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے، واقعے کے بعد پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ حنا پرویز بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ غیرت کے نام پر قتل ایک بدترین ظلم اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کو محض شک یا الزام کی بنیاد پر کسی خاتون کی جان لینے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے قاتل کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں اور قانون کے مطابق انہیں سخت سزا دی جانی چاہیے۔