اپوزیشن کی عدم موجودگی میں پنجاب اسمبلی کا بڑا فیصلہ، آبادی کو کنٹرول کرنے کی قرارداد منظور

04-28-2026

(لاہور نیوز) تیزی سے بڑھتی آبادی پر قابو اور وسائل کے بچاؤ کیلئے قرارداد اپوزیشن کی عدم موجودگی میں پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

قرارداد حکومتی رکن احسن رضا خان  نے ایوان میں پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ ملک بھر میں آبادی میں تیز رفتاری سے اضافہ ہو رہا ہے، اس کے باعث قدرتی وسائل، روز گار کے مواقع، تعلیمی و طبی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے پر شدید در باؤ پڑ رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وسائل محدود ہونے کے باعث غربت، بے روز گاری، ماحولیاتی آلودگی پانی کی قلت اور سماجی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، صوبہ بھر میں مؤثر اور مربوط آبادی مینجمنٹ پالیسی تشکیل دی جائے اور خاندانی منصوبہ بندی کے پروگراموں کو مزید فعال بنایا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی خود مختاری کو فروغ دینے کے لیے خصوصی فنڈ ز اور پروگرامز متعارف کرائے جائیں، بنیادی مراکز صحت میں زچہ و بچہ کی سہولیات اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کو یقینی بنایا جائے۔ قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ ایوان، حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب سے سفارش کرتا ہے کہ ایک جامع، قابل عمل اور وقتاً فوقتاً جائزہ لینے والا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے  تا کہ آئندہ نسلوں کے لیے وسائل محفوظ بنائے جا سکیں اور پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔