الیکٹرک بائیک سکیم: پنجاب حکومت نے آن لائن پورٹل کا آغاز کر دیا
04-28-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کے لیے الیکٹرک بائیک سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس کے تحت آن لائن پورٹل شہریوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد طلبہ اور کم آمدنی والے افراد کو آسان اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ روزمرہ کے سفر میں درپیش مشکلات سے نجات حاصل کر سکیں۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اس سکیم کے لیے درخواست دینے کا عمل مکمل طور پر آن لائن رکھا گیا ہے، جس سے شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا اور زیادہ سے زیادہ افراد کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ درخواست دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری پورٹل https://ptfpunjabgov.com/ پر جا کر اپنی ذاتی معلومات، تعلیمی تفصیلات اور دیگر ضروری کوائف درست انداز میں درج کریں تاکہ ان کی درخواست بغیر کسی رکاوٹ کے پراسیس ہو سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی الیکٹرک بائیکس نہ صرف ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات سے بچانے میں مدد دیں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا بھی باعث بنیں گی، پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں یہ منصوبہ شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ اہل امیدواروں کا انتخاب ایک شفاف اور میرٹ پر مبنی نظام کے تحت کیا جائے گا، اس حوالے سے ترجیح طلبہ، خاص طور پر یونیورسٹی اور کالج کے طلبہ کو دی جائے گی تاکہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو بغیر کسی سفری رکاوٹ کے جاری رکھ سکیں، اس کے علاوہ خواتین درخواست دہندگان کے لیے بھی خصوصی کوٹہ مختص کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے تاکہ انہیں بھی اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا موقع مل سکے۔ حکومت پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے بروقت درخواست جمع کروائیں اور کسی بھی غیر مصدقہ ذرائع یا ایجنٹس سے دور رہیں،مزید معلومات، اہلیت کے معیار اور درخواست کے طریقہ کار سے متعلق مکمل تفصیلات سرکاری پورٹل پر دستیاب ہیں۔