غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف آپریشن، 122 املاک سربمہر
04-28-2026
(لاہور نیوز) غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے کنٹرولڈ ایریا میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے 122 املاک کو سربمہر کر دیا۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے جی ٹی روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، پی آئی اے سکیم، سبزہ زار، گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، غیر قانونی کمرشل استعمال پر جی ٹی روڈ، گلشن راوی اور سمن آباد میں 37 املاک سیل کی گئیں۔ مزید برآں کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور خلاف ورزیوں پر پی آئی اے سکیم میں 22 جبکہ گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں 23 املاک کو سربمہر کیا گیا، ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں مزید 40 املاک کو سیل کیا گیا۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیاں، بیکریاں، فارمیسیز، بیوٹی سیلونز، کلینکس، گراسری سٹورز، آٹو ورکشاپس، الیکٹرک سٹورز، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، دکانیں اور دفاتر شامل ہیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔