ایل این جی کی سپلائی نہ ہونے کے باعث گیس بحران برقرار
04-28-2026
(لاہور نیوز) ایل این جی کی سپلائی نہ ہونے کے باعث گیس بحران بدستور برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق ایل این جی کی سپلائی متاثر ہونے کے باعث سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو تقریباً 900 ایم ایم سی ایف ڈی شارٹ فال کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں گیس بندش اور لو پریشر کی شکایات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، حتیٰ کہ اعلان کردہ شیڈول کے دوران بھی صارفین کو مطلوبہ پریشر نہیں مل رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق گھریلو، کمرشل اور صنعتی ضروریات پوری کرنے کیلئے یومیہ 900 سے 1100 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی سسٹم میں شامل کی جاتی ہے، تاہم سپلائی میں کمی کے باعث بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن انتظامیہ کی جانب سے گھریلو صارفین کو صرف ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر اوقات میں لو پریشر یا مکمل بندش کا سامنا ہے۔ ایل این جی کی محدود دستیابی کے باعث نئے گیس کنکشنز کی فراہمی بھی سست روی کا شکار ہے، اور متعدد صارفین درخواستیں جمع کرانے کے باوجود ارجنٹ واؤچرز کے انتظار میں ہیں۔