گراں فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، بھاری جرمانے اور گرفتاریاں

04-28-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت شہر بھر میں قیمتوں کی نگرانی سخت کر دی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس  نے مختلف بازاروں، ہول سیل مارکیٹوں اور سپلائی پوائنٹس پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں چیک کیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ریٹ لسٹوں کے نفاذ کیلئے فیلڈ میں متحرک رہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاہور میں مجموعی طور پر 4,336 انسپکشنز کی گئیں، جن کے دوران گراں فروشوں کے خلاف بھاری جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، ناجائز منافع خوری پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 11 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 8 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ ڈی سی لاہور  نے سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائیں، انہوں  نے اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی اور سبزیوں کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے خبردار کیا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی اور ان کی دکانیں فوری طور پر سیل کر دی جائیں گی۔