تعلیمی اداروں میں گرین کلچر کے فروغ کا آغاز ،26 ہزار سے زائد سکولز شامل
04-28-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ماحولیاتی بہتری کے لیے گرین سکول پروگرام کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 26 ہزار سے زائد سکولز کو شامل کر لیا گیا ہے۔
سیکرٹری محکمہ ماحولیات سلوت سعید کے مطابق اس پروگرام میں 76 لاکھ طلبہ اور اساتذہ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ تعلیمی اداروں میں گرین کلچر کے فروغ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی شعور کو نصابی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے اور ہوا، پانی اور توانائی کے شعبوں میں عملی اقدامات بھی شروع کیے جا چکے ہیں۔ سکولز میں ماحول دوست سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سیکرٹری ماحولیات کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو ماحول دوست طرز زندگی اپنانے کی تربیت دی جائے گی، جبکہ 100 نکاتی سخت مانیٹرنگ سسٹم بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔ کارکردگی کی بنیاد پر سکولز کو 5 اسٹار سرٹیفکیشن دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 80 فیصد سے زائد سرکاری سکولز اس پروگرام میں شامل ہو چکے ہیں، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ بڑے شہروں میں خصوصی آگاہی سیشنز منعقد کیے جائیں گے اور اساتذہ کے لیے ماحول دوست ٹریننگ پروگرام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق عالمی ادارے بھی گرین سکول پروگرام میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، جس سے اس اقدام کو مزید تقویت ملے گی۔