صوبائی وزیر صحت کی چائنہ سکیم آمد، سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی
04-28-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے چائنہ سکیم کا دورہ کیا۔
اس دوران انہوں نے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے تین بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی، صوبائی وزیر نے بچوں کی المناک وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر واقعے کی مکمل اور شفاف انکوائری کی جائے گی تاکہ ذمہ داران کا تعین ہو سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سکریپ گودام کے مالک کو فوری طور پر گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، حفاظتی ضوابط (ایس او پیز) پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ انکوائری رپورٹ جلد از جلد مکمل کر کے وزیراعلیٰ مریم نواز کو پیش کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کئے جا سکیں۔