چوہنگ: سی سی ڈی اور ڈکیت گینگ میں مقابلہ، 2 ملزمان ہلاک، 2 پولیس اہلکار زخمی

04-28-2026

(لاہور نیوز) چوہنگ کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور مبینہ ڈکیت گینگ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ سندر کے علاقے میں فیکٹریوں اور گھروں میں وارداتیں کرنے والا گینگ سی سی ڈی ٹیم سے ٹکرا گیا۔ فائرنگ کے دوران 2 ملزمان شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔ ہلاک ملزمان کی شناخت عالم شیر اور ہاشم کے نام سے ہوئی ہے جو کہ وہاڑی کے رہائشی تھے۔ مقابلے کے دوران کانسٹیبل تصور میو اور احمد نامدار بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے مختلف مراکز سے مزید نفری طلب کر لی ہے جبکہ آپریشن ڈی ایس پی کی سربراہی میں جاری ہے۔