ٹریفک آگاہی مہم ختم: آج سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی ہو گی

04-27-2026

(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم کے اختتام کے بعد آج سے باقاعدہ انفورسمنٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران شہر سمیت پورے صوبے میں بھرپور آگاہی مہم چلائی گئی، جس کے تحت لاہور میں رہبر سکواڈ اور سیفٹی کیمپس بھی قائم کیے گئے۔ اس دوران سوشل میڈیا سمیت تمام ذرائع ابلاغ پر شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ آگاہی مہم میں لین لائن کی پابندی، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، ون وے کی خلاف ورزی اور دیگر ٹریفک قوانین کے حوالے سے خصوصی طور پر شعور اجاگر کیا گیا۔ ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے واضح کیا ہے کہ آج سے صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ پنجاب کے لیے یکساں قانون کا نفاذ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ جرمانوں سے بچنے کے ساتھ ساتھ اپنی اور دوسروں کی جان کو بھی محفوظ بنا سکیں۔