شہر میں ہونے والے مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق
04-27-2026
(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات میں 5 افراد جاں کی بازی ہار گئے، جن میں حادثات اور طبعی اموات کے کیسز شامل ہیں۔
ایدھی ذرائع کے مطابق اسلام پورہ کے علاقے حیدر روڈ پر ایک گھر سے 50 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاش دو روز پرانی معلوم ہوتی ہے۔ ہربنس پورہ میں ایک خاتون اس وقت شدید زخمی ہو گئی جب اس کا دوپٹہ موٹر سائیکل کی چین میں پھنس گیا، خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم 35 سالہ عفت بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج ہی دم توڑ گئی۔ فیکٹری ایریا میں 22 سالہ نوجوان ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا، متوفی کی شناخت طیب کے نام سے ہوئی ہے اور وہ خانقاہ ڈوگراں کا رہائشی تھا۔ اسی طرح فیروزپور روڈ پر تماثیل تھیٹر کے قریب سے تقریباً 35 سالہ نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، جو نشے کا عادی بتایا جاتا ہے تاہم اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ سنگھ پورہ منڈی کے قریب بھی 45 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، جس کے بارے میں ایدھی ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ بظاہر نشے کی زیادتی کے باعث جاں بحق ہوا، پولیس نے تمام لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔