مال روڈ کی قدیم 104 عمارتوں کا تاریخی حسن بحال کرنے کا فیصلہ
04-27-2026
(لاہور نیوز) لاہور کی تاریخی مال روڈ پر واقع قدیم عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی کے لیے اہم منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت عمارتوں کی مرمت اور بحالی کا کام مالکان کے اپنے خرچے پر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم جی چوک سے چئیرنگ کراس تک مجموعی طور پر 104 عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جنہیں تاریخی اہمیت کے پیش نظر بحال کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں 10 قدیم عمارتوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے ساتھ عمارتوں کی موجودہ خستہ حالت کی تصاویر بھی فراہم کی گئی ہیں۔ حکام نے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 7 دن کے اندر بحالی کا کام شروع کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، منصوبے کے تحت برطانوی دور کی ان عمارتوں کی تاریخی حیثیت کو بحال کیا جائے گا اور ان کے بیرونی حصے (فساڈ) کو یکساں اور جاذب نظر بنایا جائے گا۔ اس منصوبے میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ضلعی انتظامیہ کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گی، نشاندہی کی گئی اہم عمارتوں میں غلام رسول بلڈنگ، کیشو رام بلڈنگ، شاہ دین منزل، احمد مینشن، زمان پلازہ، خادم سینٹر، ضیاء الدین بلڈنگ، کرپا رام بلڈنگ، دھونی مینشن اور جان بلڈنگ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہر کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانا اور مال روڈ کی خوبصورتی کو مزید اجاگر کرنا ہے۔