ہیٹ ویو سے متعلق نیا الرٹ جاری، عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید
04-27-2026
(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہیٹ ویو سے متعلق نیا الرٹ جاری کر دیا۔
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اینسو اور آئی او ڈی کی صورتحال تاحال نیوٹرل ہے. ہیٹ ویو کے باعث ملک کے بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ہے، جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں درجہ حرارت زیادہ بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہو سکتا ہے، میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو صحت کے مسائل میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں 27 اپریل سے 29 اپریل کے دوران بالائی علاقوں میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا، بارش کے باعث درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ یکم مئی کے بعد دوبارہ گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کی صورتحال وقفے وقفے سے برقرار رہ سکتی ہے، عوام کو پانی کا زیادہ استعمال اور ٹھنڈی جگہوں پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔