ڈاکٹر کی نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت خارج

04-27-2026

(لاہور نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر کی نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان  نے ڈاکٹر کی غیر اخلاقی ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے ملزم اسرار مجید کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، جس سلسلے میں ایف آئی اے کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل  نے مؤقف اپنایا کہ ملزم نجی ہسپتال میں بطور ڈرائیور کام کرتا تھا اور نوکری سے نکالے جانے پر ملزم  نے گارڈ سے مل کر گھر کے واش روم میں کیمرے لگائے۔ انہوں  نے کہا کہ ملزم  نے نازیبا ویڈیو بنا کر خاتون ڈاکٹر سے 25 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ کی، ایف آئی اے نے لیڈی ڈاکٹر کے بیٹے کی درخواست پر ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم 10ماہ سے جیل میں ہے، جھوٹ اور سچ کا پتہ ٹرائل میں لگے گا۔ بعدِ ازاں عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کر دی اور کہا کہ ملزم  نے جو کام کیا ہے وہ ضمانت کا مستحق نہیں ہے۔