پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف مال روڈ پر احتجاج
04-27-2026
(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بڑھتی مہنگائی کے خلاف مال روڈ پر بڑا احتجاج کیا گیا۔
مظاہرے کی قیادت مرکزی مسلم لیگ اور ملی رکشہ یونین نے کی، جہاں شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے اور اب گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔ احتجاج کے دوران شرکاء نے آئی پی پیز اور ایل این جی معاہدوں کو مہنگی بجلی کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام دو وقت کی روٹی کیلئے بھی پریشان ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹیکسز میں کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔