داخلوں کیلئے آن لائن فیس بغیر تصدیقی کوڈ منتقل نہ کی جائے، ایچ ای سی

04-27-2026

(لاہور نیوز) ملک بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی آن لائن فراڈ کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان  نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے طلبہ اور والدین کو خبردار کیا ہے کہ سکیمرز جعلی ویب سائٹس کے ذریعے داخلوں کی آفر دے کر آن لائن فیسیں وصول کر رہے ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق متعدد طلبہ کی جانب سے ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں جعلسازوں  نے خود کو تعلیمی اداروں کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے رقم بٹوری۔ کمیشن  نے اس حوالے سے باقاعدہ سرکلر جاری کرتے ہوئے طلبہ کی رہنمائی کیلئے جعلی ویب سائٹس کے لنکس بھی فراہم کئے ہیں تاکہ وہ ان سے بچ سکیں۔ ایچ ای سی  نے ہدایت کی ہے کہ داخلوں کیلئے کسی بھی قسم کی آن لائن فیس بغیر تصدیقی کوڈ (OTP) کے ہرگز منتقل نہ کی جائے اور صرف مستند اداروں کی ویب سائٹس اور آفیشل چینلز پر ہی انحصار کیا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے طلبہ خود کو مالی نقصان سے بچا سکتے ہیں۔