میو ہسپتال کے جنرل سٹور میں مالی بے ضابطگیوں کے معاملہ پر آڈٹ شروع

04-27-2026

(لاہور نیوز) میو ہسپتال کے جنرل سٹور میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے معاملے پر آڈٹ اور انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ کی ہدایت پر ایک ہائی لیول کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو سٹور میں اسٹیشنری اور دیگر سامان سے متعلق تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ مراسلے کے مطابق سٹاک، خریداری اور ریکارڈ کی فزیکل ویریفیکیشن کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ پیپرا رولز کے تحت خریداری کے عمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی پروفیسر احسن نعمان کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، جس میں فنانس اور آڈٹ افسران بھی شامل ہیں، کمیٹی کو سٹاک میں کمی بیشی، ریکارڈ کی خرابیوں اور خریداری سے استعمال تک تمام مراحل کی ٹریسنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ حکام کے مطابق غفلت یا کرپشن ثابت ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا اور شواہد پر مبنی رپورٹ پیش کی جائے گی، جس میں مالی نقصانات کا تخمینہ بھی شامل ہو گا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے متعلقہ افسران کو مکمل تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ انکوائری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایم ایس ڈاکٹر مدبر رحمان کا کہنا ہے کہ انکوائری جاری ہے اور تمام تر کارروائی میرٹ پر کی جائے گی۔