وزیراعلیٰ پنجاب کا50 ایکڑ پرمشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان

04-26-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے، جو لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کے اندر قائم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق یہ منصوبہ ملک کا پہلا مکمل "اینڈ ٹو اینڈ" میڈیا پروڈکشن حب ہوگا، جس کا مقصد فلمی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کے ساتھ دوبارہ فعال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم، ٹی وی اور اینیمیشن کے لیے تمام جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی، جبکہ وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرون ملک انحصار کم کیا جائے گا۔ منصوبے میں جدید سٹوڈیوز، ساؤنڈ سٹیجز، پوسٹ پروڈکشن لیبز اور شوٹنگ کے لیے مختلف سیٹس شامل ہوں گے، جبکہ ایک مرکزی جھیل بھی تعمیر کی جائے گی تاکہ مختلف پروڈکشنز کے لیے ماحول تیار کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے لیے کنونشن ہال بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ میڈیا ٹریڈ حب کے ساتھ فلم اور میوزک سکول کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق اس منصوبے سے ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ اینیمیشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلم سٹی تخلیقی معیشت کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت ہے اور یہ ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔