صوبائی وزیرمواصلات نے گرد و غبار کے خاتمے کیلئے اہم ہدایات جاری کر دیں

04-26-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد نے زیرِ تعمیر شاہراہوں پر گرد و غبار کے خاتمے کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

جاری کردہ احکامات کے مطابق زیرِ تعمیر سڑکوں پر گرد و غبار کے تدارک کے لیے پانی کا باقاعدہ چھڑکاؤ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ لاہور ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے تمام ایگزیکٹو انجینئرز کو فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات بھی مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرد و غبار کے تدارک کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر پانی کے چھڑکاؤ اور گرد و غبار کے خاتمے کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔