لین ڈسپلن، روڈ سائیڈ پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی پر زیروٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ

04-26-2026

(لاہور نیوز) لاہورسمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں لین اور لائن کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، جس کے تحت بڑی شاہراہوں کو ماڈل روڈز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں ٹریفک نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موبائل گاڑیوں پر نصب کیمروں کے ذریعے لین اور لائن کی پابندی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 5 لاکھ سے زائد چالان کیے جبکہ ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا۔ اس کے باوجود شہر میں ٹریفک کے غیر منظم رجحان پر وزیراعلیٰ نے تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ زیگ زیگ ڈرائیونگ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور خلاف ورزی پر موٹرسائیکل کو 3 دن کے لیے تھانے میں بند رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں لین ڈسپلن، روڈ سائیڈ پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی ٹی او لاہور کو شہر کی ٹریفک میں فوری بہتری لانے کا ہدف دیتے ہوئے عوام میں لین اور لائن کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں سڑکوں کے اطراف ناجائز پارکنگ کے سدباب کے لیے سخت اقدامات کرنے اور لاہور کی ٹریفک کو منظم بنانے کے لیے فوری عملی اقدامات یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔