شہر میں پارکنگ سہولت کے بغیر تعمیر عمارتوں کے خلاف کارروائیاں تیز
04-26-2026
(لاہور نیوز) شہر میں پارکنگ کی مناسب سہولت کے بغیر تعمیر ہونے والی عمارتوں کے خلاف انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایم او پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز کی ہدایت پر داتا گنج بخش زون میں آپریشنز کیے گئے۔ اس دوران رائل پارک اور لکشمی چوک کے علاقوں میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق 6 افراد کے خلاف بلڈنگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر استغاثے تیار کر کے تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔ متعلقہ افراد نے منظور شدہ نقشوں کے برعکس تعمیرات کر رکھی تھیں اور پارکنگ کے لیے مختص جگہ بھی فراہم نہیں کی گئی تھی۔ ایم او پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز کا کہنا ہے کہ پارکنگ کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو شدید ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کے تدارک کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منظور شدہ نقشوں کے خلاف تعمیرات کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔