پی ایس ایل 11: گلیڈی ایٹرز کا کنگز کو جیت کیلئے 196 رنز کا ہدف
04-25-2026
(لاہورنیوز)پاکستان سپر لیگ 11 کے 37 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 196 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اہم میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دونوں اوپنرز شامل حسین اور خواجہ نافع پہلے ہی اوور میں بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، رائیلی روسو (90) اور کپتان سعود شکیل (57) نے 148 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔ دنیش چندیمل نے بھی 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 195 رنز تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا جبکہ حسن نواز اور جہانداد خان 3، 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے رضوان اللہ نے 3، حسن علی نے 2 اور عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو دونوں ٹیموں کے ایونٹ میں مستقبل کے حوالے سے اہم اثر چھوڑے گا۔ دونوں ٹیموں کو ایونٹ میں برقرار رہنے کے لیے لازمی فتح درکار ہے تاہم یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کسی بھی ٹیم کی فتح اس کی پلے آف مرحلے میں رسائی کی ضمانت نہیں ہوگی۔ فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے میچز کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا جس کے بعد ہی پلے آف مرحلے کی چوتھی ٹیم کا حتمی فیصلہ ہوگا۔