پلاسٹک فری مہم، صوبہ بھر میں سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کا اعلان

04-25-2026

(لاہور نیوز) ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ تاجر برادری پلاسٹک کے تدارک کیلئے حکومت کے ساتھ شانہ بشانہ کام کر رہی ہے، اور پنجاب کو جلد مکمل طور پر پلاسٹک فری بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں  نے بتایا کہ لاہور سمیت تمام دکانوں پر کاسٹک بیگز کو قانونی دائرے میں لایا جائے گا جبکہ ایک ماہ کے اندر پورے پنجاب میں سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کا منصوبہ ہے۔ ڈی جی ماحولیات کے مطابق غیر معیاری پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں دو سے زائد مقدمات بھی درج کئے جا چکے ہیں، پانچ ماہ قبل شروع کی گئی اینٹی پلاسٹک مہم کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ عمران حامد شیخ  نے کہا کہ حکومت کے تمام ماڈل بازار، شاپنگ مالز اور پلازوں میں سنگل یوز پلاسٹک پہلے ہی ختم کیا جا چکا ہے، جبکہ اب یہ مہم صوبے کے ہر بازار اور دکان تک پھیلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے 10 شہروں میں اینٹی پلاسٹک سکواڈ قائم کئے جا چکے ہیں جنہوں  نے اب تک ایک کروڑ سے زائد کے جرمانے کئے ہیں۔ ڈی جی ماحولیات کے مطابق ناقص پلاسٹک بیگز بنانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں اور بعض فیکٹریوں کو بند کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، عالمی رینکنگ کے مطابق پنجاب میں ماحولیات میں 33.5 فیصد بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔