خواتین یونیورسٹی سیالکوٹ کی 120 ایکڑ اراضی ضلع انتظامیہ کو منتقل کرنے کی منظوری
04-25-2026
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی 200 ایکڑ میں سے 120 ایکڑ اراضی ضلع انتظامیہ کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
حکام کے مطابق یہ زمین پہلے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے پاس یونیورسٹی کے لیے مختص تھی، تاہم اب اسے شہر سے سرکاری دفاتر کی منتقلی کے منصوبے کے تحت استعمال کیا جائے گا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ اراضی میں کمی سے کیمپس محدود ہو جائے گا، جبکہ ادارے میں اس وقت 10 ہزار سے زائد طالبات زیرِ تعلیم ہیں اور 53 ڈگری پروگرامز جاری ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق آئندہ تعلیمی سیشن میں داخلوں کو دوگنا کرنے کا منصوبہ بھی اس فیصلے سے متاثر ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب حکومتی مؤقف ہے کہ شہر کے بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنے اور سرکاری دفاتر کو بہتر انداز میں منتقل کرنے کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ ذرائع کے مطابق زمین کی منتقلی کا حتمی فیصلہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے، تاہم اس پر تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔