جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافر لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار

04-25-2026

(لاہور نیوز) لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے ایک افغان مسافر کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار مسافر کی شناخت شاہ وزیر جلیل کے نام سے ہوئی ہے، جو پرواز نمبر CZ-6038 کے ذریعے چین جا رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم  کے پاسپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن طورخم کی جعلی آمد و روانگی کی مہریں لگی ہوئی تھیں، جن کی بنیاد پر وہ سفر کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق مشکوک دستاویزات کی نشاندہی پر مسافر کو فوری طور پر حراست میں  لے لیا گیا، مزید تحقیقات کیلئے ملزم کو انسداد انسانی سمگلنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور نیٹ ورک سے متعلق مزید معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔