اچھرہ میں تین معصوم بچوں کے قتل کیس میں ملزمہ کے مزید انکشافات سامنے آ گئے
04-25-2026
(لاہور نیوز) اچھرہ میں تین معصوم بچوں کے قتل کے افسوسناک کیس میں گرفتار ملزمہ ردا سے تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ نے اپنے شوہر پر بھی متعدد الزامات عائد کئے ہیں، ملزمہ نے بیان میں کہا ہے کہ اس کا شوہر اسے غیر مردوں سے فون پر بات کرنے اور بعض اوقات پیسے مانگنے کا کہتا تھا، اس نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ شہر یار سے اس کے رابطے کا شوہر کو علم تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزمہ نے یہ بھی کہا کہ شوہر کے کہنے پر اس نے ایک پیر سے بھی رابطہ کیا تھا، ملزمہ کا کہنا ہے کہ شوہر کا رویہ اسے پسند نہیں تھا اور وہ اس کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی تھی۔ ملزمہ نے تفتیش میں مزید بتایا کہ طلاق کے بعد بچوں کو سنبھالنے والا کوئی موجود نہیں تھا، کیونکہ اس کے میکے والے بھی بچوں کو رکھنے کیلئے تیار نہیں تھے۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمہ ردا سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے اور کیس کے حوالے سے مزید حقائق آئندہ تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے، پولیس نے واضح کیا ہے کہ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔