انڈسٹری میں سیاسی ماحول دیکھ کر کئی بار شوبز کو خیر باد کہنے کا سوچا، علی ظفر

04-25-2026

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری میں سیاسی ماحول دیکھ کر کئی بار شوبز کو خیر باد کہنے کا سوچا ہے۔

حال ہی میں علی ظفر  نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں  نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ حال ہی میں علی ظفر  نے ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف 8 سالہ قانونی جنگ جیتی ہے، ان تنازعات کے باعث ابتدائی طور پر ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا، تاہم وہ اپنی پیشہ ورانہ کامیابی کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ حالیہ انٹرویو کے دوران اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہنے سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ علی ظفر کا کہنا تھا کہ اپنے کیریئر سے محبت کرتا ہوں اور مجھے پاکستان سے بے پناہ محبت اور عزت ملی ہے، لیکن دل سے محض ایک فنکار ہوں، ایک معصوم خواہش کے ساتھ شوبز میں آیا تھا کہ صرف فن تخلیق کروں۔ ان کا کہنا تھا کہ میری واحد خواہش یہی تھی کہ تخلیقی کام جاری رکھوں، لیکن جب اس شعبے میں سیاست شامل ہو جاتی ہے اور انسان کو متاثر کرتی ہے تو وہ انسان کو بدل کر کچھ اور بنا دیتی ہے، اسی مرحلے پر میں  نے سوچا کہ شاید سب کچھ چھوڑ دینا ہی بہتر ہو۔ گلوکار و اداکار  نے یہ بھی کہا کہ مشکل وقت میں میرے اہلِ خانہ کی حمایت ہی وہ عنصر تھا جس نے مجھے ہر آزمائش سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔