ہائی ویز فرنٹ اراضی کی نشاندہی کیلئے جی آئی ایس سروے کرنے کا فیصلہ

04-25-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں ریٹنگ ایریاز کے اندر ہائی ویز کے ساتھ واقع ٹیکس ایبل زمین کا تاحال درست تعین نہ ہو سکا، جس کے باعث محکمہ ایکسائز نے بڑے پیمانے پر سروے کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

حکام کے مطابق موٹر ویز اور ہائی ویز کے اطراف واقع اراضی کا جی آئی ایس بیسڈ سروے کیا جائے گا، جس کیلئے 360 ملین روپے کی سکیم منظور کر لی گئی ہے، اس سروے کا مقصد کمرشل ویلیو رکھنے والی زمینوں کی درست نشاندہی کرنا ہے تاکہ انہیں ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جا سکے۔ یاد رہے کہ اس حوالے سے رولز 2019 میں بنائے گئے تھے جبکہ 2021 سے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کا عمل جاری ہے، تاہم محکمہ ایکسائز کے پاس اب تک متعلقہ پراپرٹیز کا مکمل اور درست ڈیٹا موجود نہیں۔ محکمہ ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف غیر رجسٹرڈ پراپرٹیز سامنے آئیں گی بلکہ ریونیو میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہو گا، سروے کے ذریعے ہائی ویز فرنٹ اراضی کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ٹیکس نظام کو مؤثر بنانے اور سرکاری آمدن بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔