پی ایس ایل 11، کنگز مین کو 8 وکٹوں سے شکست، یونائیٹڈ کی پلے آف میں انٹری

04-24-2026

(لاہورنیوز)پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 11 کے 36 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدر آباد کنگز مین کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دیدی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے دیا گیا 81رنز کا ہدف 7ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محسن ریاض 42 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سمیر منہاس نے 27 اور کپتان شاداب خان نے 4 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ ڈیون کانوے کوئی رن نہ بنا سکے۔ حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دونوں وکٹیں محمد علی نے حاصل کیں۔قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور صرف 80 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے 25 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی، صائم ایوب ، کوشال پریرا اور آصف محمود12،12 رنز بنا کر پویلین لوٹے، عرفان خان 9، کپتان مارنوس لبوشانے 5 رنز ہی بنا سکے۔   کنگزمین کے گلین میکسویل اور حنین شاہ ایک، ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ حسان خان ، معاذ صداقت اور محمد علی کھاتہ کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان ، عماد وسیم اور رچرڈ گلیسن نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ سلمان مرزا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔