پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی: ڈرون ٹیکنالوجی سے صوبے بھر میں سرویلنس کا دائرہ وسیع

04-24-2026

(لاہور نیوز)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے بھر میں مؤثر سرویلنس جاری کر دیا۔

   پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے بھر میں سرویلنس کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے، جس کے تحت ایمرجنسی 15 کالز، جرائم کی نشاندہی، ٹریفک خلاف ورزیوں اور ماحولیاتی آلودگی پر فوری کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈرون نگرانی کے دوران بوڑھ والا چوک علامہ اقبال روڈ پر کوڑا جلانے کی نشاندہی کی گئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اسی طرح کرول گھاٹی، محمود بوٹی اور بادامی باغ کے علاقوں میں دھواں خارج کرنے والی فیکٹریوں کی نشاندہی کی گئی، جس پر متعلقہ اداروں کو فوری ایکشن کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا۔ ڈرون مانیٹرنگ کے دوران کریم پارک، شفیق آباد، بادامی باغ اور کاہنہ نشتر کالونی میں پتنگ بازی کی خلاف ورزیوں کی بھی نشاندہی ہوئی، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے فیلڈ فورسز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جبکہ جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ نظام صوبے کے دیگر شہروں میں بھی فعال ہے اور اس کے ذریعے شہریوں کی حفاظت اور قانون کی عملداری کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔