اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم سے زرعی انقلاب آئے گا، ہزاروں افراد مستفید ہوں گے، عظمیٰ بخاری

04-24-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بے روزگار اور بے زمین افراد کیلئے "اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم" کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

اپنے بیان میں انہوں  نے بتایا ہے کہ اس سے قبل حکومت اپنی چھت اپنا گھر اور بے گھر افراد میں مفت پلاٹس کی تقسیم جیسے منصوبے بھی متعارف کرا چکی ہے، جبکہ اب نئی سکیم کے تحت زرعی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ اپنا کھیت اپنا روزگار سکیم وزیر اعلیٰ مریم نواز کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس سے صوبے میں زرعی انقلاب آنے کی توقع ہے اور ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ حکومت بے زمین دیہاتیوں کو زمین فراہم کرنے کے ساتھ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک کی گرانٹ بھی دے گی، جبکہ مجموعی طور پر 160 ارب روپے مالیت کی اراضی تقسیم کی جا رہی ہے، جو صرف کاشتکاری کیلئے استعمال ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز دعووں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں اور اسی وژن کے تحت کسانوں کو کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر اور ٹیوب ویل کی سولرائزیشن جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کسانوں کی خوشحالی اور زرعی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنا چکی ہیں۔