بائیکس سبسڈی پروگرام، ایک لاکھ 33 ہزار بائیکس مالکان کے نام مفت ٹرانسفر
04-24-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں بائیکس مالکان کیلئے شروع کئے گئے سبسڈی پروگرام کے تحت ایک لاکھ 33 ہزار موٹر سائیکلوں کی مفت ٹرانسفر اور رجسٹریشن مکمل کر لی گئی۔
محکمہ ایکسائز پنجاب کے مطابق رجسٹرڈ بائیکرز کو فی بائیک 2 ہزار روپے سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ رجسٹریشن کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ بائیکرز کی مالی معاونت کیلئے یہ پروگرام جاری ہے اور صرف وہی افراد سبسڈی کے اہل ہوں گے جنہوں نے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ حکام کے مطابق اس سکیم کے تحت رجسٹریشن فیس میں بھی نمایاں رعایت دی گئی ہے، جس میں ایک ہزار روپے کی رجسٹریشن فیس معاف کی گئی جبکہ سمارٹ کارڈ پر 1300 روپے کی فیس بھی ختم کر دی گئی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بائیکس مالکان پر مالی بوجھ کم کرنا اور رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیاں قانونی دائرے میں لائی جا سکیں۔