راوی روڈ پر بزرگ شہری کے چہرے پر تیزاب پھینکنے والا ملزم گرفتار
04-24-2026
(لاہور نیوز) راوی روڈ کے علاقے میں چند روز قبل بزرگ شہری پر تیزاب پھینکنے کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم سعید کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، واقعے کی تفتیش کے دوران 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا، جس میں موٹر سائیکل سوار ملزم کو واردات کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ بزرگ شہری ایک نجی کمپنی میں کیشیئر تھا اور واقعے کے روز تقریباً 20 لاکھ روپے بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا، ملزم نے واردات سے قبل سات روز تک شہری کی ریکی کی اور موقع ملتے ہی اس پر تیزاب پھینک دیا۔ ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ تیزاب پھینکے جانے کے بعد گاڑی میں سوار شہری نے فوری طور پر رفتار تیز کر دی، جس کے باعث ملزم اپنے ارادے میں ناکام رہا، گاڑی نہ رکنے پر ملزم نے رقم چھیننے کا منصوبہ ترک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔