منکی پاکس وائرس کے ٹیسٹ اور بہتر علاج معالجے کیلئے متفرق درخواست دائر
04-24-2026
(لاہور نیوز) منکی پاکس وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ میں بہتر ٹیسٹنگ اور علاج معالجے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔
یہ درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں منکی پاکس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت منکی پاکس کو کنٹرول کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہا، نہ ہی ٹیسٹوں کیلئے لیبارٹری سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور نہ ہی عوامی آگاہی مہم چلائی گئی ہے، مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت منکی پاکس کے مریضوں کا مکمل اور شفاف ڈیٹا جاری کرنے میں بھی ناکام رہا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کو منکی پاکس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں، ساتھ ہی عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ عوامی آگاہی، ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے واضح ہدایات دی جائیں۔