فضاعلی کی متنازع ویڈیوزکا معاملہ، اداکارہ کی وضاحت پر سوشل میڈیا صارفین کا سخت ردعمل جاری
04-23-2026
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو میزبان فضا علی نے اپنے پروگرام میں نشر ہونے والے متنازع منظر پر عوامی ردعمل کے بعد ناظرین سے معذرت کرلی، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی معذرت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
مارننگ شو کے دوران فضا علی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ان کے اہلِ خانہ پروگرام میں شریک ہوئے تھے، جہاں ایک مخصوص لمحہ ناظرین کو ناگوار گزرا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ خوشی اور جذبات کے اظہار میں موقع اور ماحول کی مناسبت کو مدنظر رکھا جانا چاہیے تھا۔ فضا علی کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم اس معاملے پر ناظرین سے معذرت خواہ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ لوگ ان کی معافی قبول کریں گے۔ تاہم سوشل میڈیا پر اس وضاحت کو ملے جلے نہیں بلکہ زیادہ تر منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹنگ کے حصول کے لیے جان بوجھ کر متنازع مواد پیش کیا جاتا ہے اور بعد میں رسمی معذرت کے ذریعے معاملہ دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ کئی صارفین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کی معافی قبول نہیں‘‘، جبکہ بعض نے اسے محض ڈرامہ قرار دیا۔ کچھ تبصروں میں کہا گیا کہ اگر واقعی احساس تھا تو ایسے مناظر بار بار پیش نہیں ہونے چاہیے تھے۔