غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 4 ڈھانچے مسمار

04-23-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر قیادت غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، جس کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے روڈ، منٹگمری روڈ اور میکلوڈ روڈ پر تعمیراتی معیار اور نقشوں کے مطابق تعمیرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، آپریشن کے دوران داتا گنج بخش زون میں 4 عمارتیں سیل جبکہ 4 غیر قانونی ڈھانچے مسمار کر دیئے گئے۔ مزید برآں میکلوڈ روڈ پر ایک غیر محفوظ بیسمنٹ کو انجینئرنگ اصولوں کے مطابق بھر دیا گیا تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور  نے تمام تعمیرات کو ماسٹر پلان اور منظور شدہ نقشوں کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کو فوری طور پر سیل کیا جائے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ شہری حفاظت کیلئے ناگزیر ہے اور لاہور کو ایک جدید اور عوام دوست میٹروپولیٹن شہر بنانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔